Friday 20 December 2013

بسلسلہ ہفتہِ مکتوب نویسی انحراف فرحانہ صادق صاحبہ کا خط بنام ناصر کاظمی

2 comments

 


میں نے آج تک تمہیں نہ کوئی خط لکھا اور نہ ہی کوئی پیغام بھیجا ۔۔ مگر آج بہت جی کر رہا ہے کہ تمہیں کچھ لکھوں ۔۔ آج تمھاری سالگرہ ہے نا اور سوچتی ہوں اگر آج بھی کچھ نہ لکھا تو تمہارے حوالے سے جو دکھ مجھے ہوتے ہیں ان میں اک پچھتاوے کا اور اضافہ ہو جائے گا ۔

 

 

سالگرہ مبارک ہو !!!!!!!!!!

 

 

میرے ناصر ! 

 

 

میرے لیئے تم کسی گمشدہ خزانے کی طرح ہو جسے میں تلاش کرتی پھرتی ہوں ۔ ۔۔۔ نہیں معلوم ریحانہ تمہارے ان احساسات تک کبھی پہنچی ،جن سے میں خود کو گھائل محسوس کرتی ہوں تمہاری ہر غزل ہر نظم ہر تحریر اس یقین سے پڑھتی ہوں گویا یہ تم نے میرے لیئے ہی لکھی ہے ۔آج کے دن تمہاری راہ ایسے دیکھتی ہوں جیسے تمہارا آنا طے ہے۔۔۔۔۔۔

 

 

تمہیں سرخ گلاب بہت پسند ہیں نا اسی لیئے تمہاری کتابوں سےہر سال سوکھے پھول نکال کر ان میں تازہ گلاب رکھ دیتی ہوں اس امید پہ کہ شاید انکی مہک کے ساتھ میرے پیار کی خوشبو تم تک پہنچ جائے ۔۔۔۔۔ 

 

 

لوگ پوچھتے ہیں کہ مجھے تمہاری شاعری سے اگر ایسا ہی عشق ہے تو دکھائی کیوں نہیں دیتا ۔ میں تمہارے شعر دنیا کے سامنے کیوں نہیں گنگناتی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اب میں انہیں کیا کہوں کہ میری رگوں میں بہتا رقابت کا زہر ہی میرے سچے عشق کی دلیل ہے 

 

 

۔۔ یہ بڑی عجیب اور خودغرضانہ خواہش ہے مگر کبھی کبھی میرا دل کرتا ہے کہ ہر ایک کی یاداشت سے تمہارا نقش مٹا دوں ۔۔۔۔۔۔۔ماسوا اسکے جو کتابیں میرے پاس ہیں تمہاری ہر تحریر جلادوں ۔کاش تمہارا اور میرا جنم ایک ہی زمانے میں ہوتا ،

 

 

میں جانتی ہوں کہ اپنے قاری سے تم بے خبر ہزاروں ، لاکھوں میل دور زندگی بھر یکجا کیے سوالوں کے جوابات پانے میں سرگرداں ہوگے ۔۔۔۔ پھر بھی مجھے تمہارے جواب کا انتظار رہے گا ۔۔۔۔

 

 

منتظر فرحانہ

 

 

مورخہ 8 دسمبر 2013

 

بسلسلہ ہفتہِ مکتوب نویسی انحراف فرحانہ صادق صاحبہ کا خط بنام ناصر کاظمی_

بلاعنوان

0 comments



 ۔عزادار پوری شدت و عقیدت سے گریہ و ماتم میں مصروف تھے ۔۔۔۔۔ ذکر اور نعروں کی آوازیں بلند ہوتیں تو زنجیریں کھنک جاتیں اور آنسوؤں کے ساتھ لہو کا نذرانہ بھی پیش ہو جاتا ۔۔۔۔۔ گو میثم کی تمام تر توجہ جلوس و عزاداری پر تھی مگرکسی کسی وقت  اُسے  عمر کا بھی خیال آجاتا۔۔۔۔۔ وہ حیران تھا کہ آج جلوس کی رفتار اتنی سُست کیوں ہے ۔۔۔۔۔۔۔وہ بار بار اُن لوگوں کی طرف دیکھ رہا تھا جو  اچانک کہیں سے نکل کر جلوس کے آگے آگئے تھے  اور اتنا سست چل رہے تھے  کہ جلوس کی رفتار دھیمی پڑ گئی تھی ۔۔۔۔۔ میثم ایک  بار اُن کے قریب بھی گیا ۔۔۔۔ اُسے یہ دیکھ کر بہت حیرت ہوئی کہ ان میں سے کچھ کے ہاتھوں میں ماتم کے لیئے جو تلواریں تھین وہ کافی تیز دھار تھیں ۔۔۔۔۔ اتنی تیز کہ جتنی عموما ماتم کے لیئے استعمال نہیں کی جاتیں تھیں ۔۔۔۔۔ مگر اُس نے اس بات کا ذکر کسی سے نہ کیا۔۔۔۔اور لوگوں نے بھی تھوڑی دیر اُن کا نوٹس لیا مگر  کچھ بھی مشکوک نہ پا کر اُن پر توجہ ہٹا دی۔۔۔ میثم کا ذہن بھی ؑعمر میں اٹکا ہوا تھا اسے پوری امید کہ جس طرح آج اس نےجس طرح عمر کو مجبور کیا تھا وہ اسکی بات ضرور مانے گا ۔۔۔۔۔

.یار تُو کب تک آئے گا ۔۔ میثم نے آنکھیں ملتے ہوئےعمرکے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر پوچھا

آنا ضروری ہے کیا ؟ جواب میں عمر نے بھی سوال داغ دیا

ہاں ! میثم کا جواب حتمی تھا

چھُٹی ہے نا یار ابا گھر پر ہی ہے ۔۔۔۔ اُسے پتا چل گیا تو بہت مارے گا ۔۔۔۔۔۔

 چل ہٹا یار تُو ہمیشہ ایسا ہی کرتا ہے ۔۔۔۔۔ میثم نے ناراضگی سے عمر کا ہاتھ جھٹکا اور واپسی کے لیئے مُڑ گیا  

اچھا اچھا رُک تو عمر نے اسے کندھے سے روکا

نہیں رہنے دے یار تُو ہر بار ایسے ہی کرتا ہے ۔۔۔۔ میثم کے لہجے میں خفگی تھی

اچھا بتا ابھی کیا ٹائم ہورہا ہے ۔۔۔۔۔ عمر نے پوچھا

ابھی تو ساڑھے نو ہو رہے ہیں ۔۔۔۔ میثم نے سامنے والی دُکان کی گھڑی پر ایک نظر ڈالتے ہوئے کہا ۔۔۔۔دس بجے تک سب ہمارے گھر جمع ہو جائیں گے اور جلوس شروع ہو جائے گا۔۔۔

مگر میں تیرے گھر سے شامل نہیں ہوسکتا یار ۔۔۔۔۔ ابا کتنا بھی کھُلے ذہن کا سہی اسکی اجازت نہیں دے گا ۔۔۔۔۔ عمر نے آہستہ آواز میں کہااور ویسے بھی ابا جمعہ پڑھنے جاتے وقت میرا ضرور پوچھتا ہے ۔۔۔۔

رہنے دے یارپھر تیری سٹوری شروع ہو گئی ۔۔۔۔۔۔۔ میثم کے انداز میں دوبارہ غصہ عود آیا

عمر نے جیسے ہار مانی ........اوئے رُک تو ۔۔۔ میں سوچ رہا ہوں آج جمعہ بڑے مدرسے والی مسجد میں پڑھ لوں ۔۔۔۔۔ تیرا جلوس وہاں سے بھی تو گزرتا ہے میں وہاں سے تیرے ساتھ آجاوں گا۔۔۔

لے وہاں تو نماز ڈیڑھ بجے ہوتی ہے تجھے فارغ ہوتے ہوتے ڈھائی بج جائے گا جب تک تو ہمارا جلوس وہاں سے گزر چُکا ہوگا ۔۔۔ میثم ابھی بھی خفا تھا

 چل اچھا میں وہاں ساڑھے بارہ تک پہنچ جاوں گا ۔۔۔۔۔ پہلے تیرے ساتھ مل جاوں گا پھرجمعہ پڑھ لوں گا ۔۔۔۔۔ عمر نے کچھ سوچتے ہوئے جواب دیا

 بھائی !!! اماں کہہ رہی ہیں ناشتے کے لیئے دودھ اور انڈے جلدی سے لادو ۔۔۔۔۔ چھ سالہ رمل نے عمر کے ہاتھ میں سو کا نوٹ پکڑواتے ہوئے کہا

ارے سکینہ ادھر آ !!! ۔۔۔۔۔ رمل کو دیکھ کر میثم کا موڈ اچھا ہوگیا

 میں سکینہ نہیں رمل ہوں ۔۔۔۔۔ رمل منہ بنا کر ممنائی

ہوگی پر میں تو تجھے سکینہ ہی کہوں گا ۔۔۔۔۔ میثم نے اُس کے ماتھے پر پیار کرتے ہوئے بولا۔۔۔۔۔۔۔

ہنہ !!! رمل نے اٹھلا کر اسکا ہاتھ جھٹکا اور  اندر چلی گئی

۔

 اکلوتی اولاد ہونے کی وجہ سے میثم کو ہر لمحہ بھائی بہن کی محرومی کا احساس رہتا ۔۔۔اس کمی کو اُس نے اپنے جگری دوست سے پورا کر لیا تھا ۔عمر اُسے بھائیوں سا عزیز تھا ۔۔۔۔ اور رمل بہنوں سی ۔۔۔۔۔۔۔ویسے تو اُسے عمر کے باقی بہن بھائیوں سے بھی اُنسیت تھی مگر رمل میں تو گویا اسکی جان تھی پہلے وہ سوچا کرتا تھا اُسکی بہن ہوگی تو وہ اُسکا نام سکینہ رکھے گا ۔۔۔۔۔۔ رمل آئی تو اُس نے اُسے ہی سکینہ کہنا شروع کردیا ۔۔۔۔۔۔ عمر کے گھر والوں کو اس پر کوئی اعتراض نہ تھا ۔۔۔۔۔ میثم کے گھر سے اُنکے گھر کی دیواریں ملی ہوئیں تھیں ۔۔۔۔ اور مسلکوں کے فرق کے باوجود دل سے دل ۔۔۔۔۔ دونوں گھرانے ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام بھی کرتے تھے اور ایک حد تک ان میں شرکت بھی ۔۔۔۔۔عمر اور میثم ایک ساتھ پلے بڑھے ۔۔۔۔ دونوں ایک ساتھ سکول میں داخل ہوئے اور ایک ساتھ درجات پار کرتے ہوئے نویں میں پہنچ گئے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔میثم کو ہر جگہ عمر کے ساتھ کی اتنی عادت ہوگئی تھی کہ محرم میں اُسے اکیلے مجلسوں میں شامل ہونا ناگوار لگتا ۔۔۔۔۔ وہ ہمیشہ عمر کو اپنے ساتھ لے جانے کی ضد کرتا کبھی عمر اسکی بات مان لیتا اور کبھی ابا کے ڈر کی وجہ سے ٹال دیتا ۔۔۔۔خون سے اُسے کراہیت آتی تھی اِس لیئے باوجود میثم کی بار بار کی ضد کے وہ کبھی برچھیوں اور آگ کے ماتمی جلوس میں اُسکے ساتھ نہ گیا ۔۔۔۔۔۔ مگر اس بار میثم نے اسے گویا اپنی قسم دے دی تھی ۔۔۔۔عمر نے  وعدہ تو کر لیا تھا مگر اب اُسے یہ سوچ سوچ کر گھبراہٹ ہو رہی تھی کہ وہ میثم کو زنجیروں اور برچھیوں کا ماتم کرتے دیکھے گا کیسے ۔۔۔۔۔بارہ بجے تک اُس نے اپنے سارے کام نمٹا لیئے اور جلدی سے غسل کر کے گھر سے نکل آیا تاکہ ابا اُسے اپنے ساتھ محلے کی مسجد میں جمعہ پڑھنے نہ لے جائے ۔۔۔پون ایک تک وہ مدرسے

والی مسجد پہنچ گیا ۔۔۔۔ سڑک پر بس مسجد میں آنے جانے والوں کی چہل پہل تھی ۔۔۔۔۔۔ جلوس کا کچھ پتا نہ تھا ۔۔۔۔کہیں جلوس گزر تو نہیں گیا ۔۔۔۔۔ عمر بُڑ بڑایا

اُس نے سوچا سڑک کے کنارے کھڑے سپاہی سے پوچھ لے جلوس کب تک آئے گا پھر یہ سوچ کر چُپ رہا کہ جانے وہ کیا شک کرے کہ یہ کیوں پوچھ رہا ہے۔۔۔مسالک کی جنگ اور فرقہ واریت کے زہر نے ایسے حالات کر دیئے تھے کہ ہر شخص دوسرے پر شک کرتا ہے اور خود کو غیر محفوظ سمجھتا ہے ۔۔۔۔۔

آذان کب کی ہو چکی تھی اب تو مسجد سے خطبے آواز آرہی تھی ۔۔۔۔ عمر بے چین ہو رہا تھا۔۔۔۔میثم کو مس کال دوں کیا ۔۔۔۔۔ یہ سوچتے ہوئے عمر نے جیب پر ہاتھ رکھا ۔۔۔۔۔موبائل کی غیر موجودگی کے ساتھ ہی اُسے خیال آیا نو دس محرم پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیئے حکومت نے موبائل سروس بند کی ہوئی ہے ۔۔۔۔اپنی بیوقوفی پر اُسے ہنسی آگئی ۔

 نماز شروع ہوا ہی چاہتی تھی ۔۔۔۔۔۔ اُس نے اندر جانے کا ارادہ کیا ہی تھا کہ اسے دور نعروں اور شور کی آوازیں آنے لگیں ۔۔۔۔ آوازوں کے تعاقب میں اُس نے نظریں دوڑایں جلوس اُسے اپنے داہنی جانب مرکزی سڑک پر ڈھیروں عَلم اور انسانوں کا جم غفیر اٹھائے ایک بڑے سے دھبے کی مانند نظر آیا۔۔۔۔اُس نے دل ہی دل میں وقت کا حساب لگایا .......اسے یہ اطمنان ہوا جب تک جلوس مسجد کے سامنے سے گزرے گا جماعت ہو چکی ہوگی اور وہ بآسانی میثم کو تلاش کر کے اُسکے ساتھ شامل ہو جائے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تسلی ہونے کے باوجود اُس نے سب سے پیچھے والی صف کا انتخاب کیا اور اللہ اکبر کہتے ہوئے نیت باندھ لی۔۔۔

 جلوس اسی جوش مگر سست روی سے اپنی منزل کی طرف رواں دواں تھا  مسجد کا مینار دیکھتے ہی میثم کا دھیان مکمل طور پر عمر کی طرف ہوگیا ۔۔۔۔ اسے جلوس کی رفتار سے کوفت سی ہونے لگی تھی ۔۔۔۔۔وہ سوچ رہا تھا کہ اگر دیر ہو گئی تو عمر واپس نہ لوٹ جائے ۔۔۔۔۔۔۔آہستہ آہستہ جلوس مسجد کی طرف بڑھنے لگا ۔۔۔۔۔۔ اندر سے نماز پڑھانے کی آواز آرہی تھی ۔۔۔۔۔اُس نے خود کو مسجد کے داخلی دروازے سے قریب کر لیا اور جلوس کے ساتھ گزرتے ہوئے عمر کی تلاش میں نظریں دوڑایں ۔۔۔۔۔ اُسے عمر نظر آگیا  ۔۔۔۔وہ آخری صف میں بیٹھا تھا ۔۔۔۔۔۔

اُس نے نماز پڑھ لی تھی اور سلام پھیر رہا تھا۔۔۔۔۔۔ میثم چیونٹی کی سی رفتار چلنے لگا ۔۔۔۔۔۔ اچانک اُسکی نظر داخلی دروازے کے پیچھے چھُپے ایک شخص پر پڑی ۔۔۔۔۔۔ اُس کے دونوں ہا تھوں میں بڑے بڑے پتھر تھے جنہیں اُس نے آن کے آن میں جلوس کی طرف اچُھال دیا۔۔۔۔۔۔۔۔ اور مسجد کی پچھلی طرف دوڑتا چلا گیا ۔۔۔۔۔۔۔ بس پھر کیا تھا جلوس میں بھونچال آگیا ۔۔۔ لوگ غم و غصہ کی شدت سے نعرے لگانے لگے ۔۔۔۔۔۔میثم نے دیکھا وہی اجنبی افراد جو جلوس کے آگے آگے چل رہے تھے مسجد میں داخل ہوگئے اور انہوں نے تیزی سے نمازیوں پر وار کرنا شروع کر دئے ۔۔۔۔۔۔ میثم بھی بنا سوچے سمجھے مسجد میں بڑھتا چلا گیا ۔۔۔۔۔۔۔ بھگدڑ مچی ہوئی تھی ۔۔۔۔۔ عمر نے بھی میثم کو دیکھ لیا تھا۔۔۔۔۔۔ میثم نے چاہا کہ وہ عمر تک پہنچ جائے مگر جب تک وہ اُس کے پاس پہنچتا اُنہی مشکوک افراد میں سے ایک نے پکڑ کر عمر کی گردن پر یک فُٹی چھُرا چلا دیا ۔۔۔۔۔۔۔ میثم کے سر پر بھی کسی چیز کی زور دار ضرب لگی ۔۔۔۔ بے ہوش ہونے سے پہلے میثم نے دیکھا کہ اس نے گرتے ہوئے عمر کو تھام لیا ہے اور اُسکی گردن سے پھوٹنے والا خون کا فوارہ اُسکے اپنے سینے پر بہتے خون سے اس طرح رل مِل رہا ہے کہ کوئی بھی یہ نہیں پہچان سکتا کہ اُسکا خون کون سا ہے اور عمر کا کونسا۔۔۔۔۔۔۔۔ دونوں کے خون ایک سے تو تھے ۔۔۔۔۔۔۔

۔دوسرے دن جب ہسپتال کے بستر پر اُسے ہوش آیا تو اُسے پتا چلا عمر اپنی آرامگاہ کی طرف جا چُکا ہے ۔۔۔۔تقریبا تیس افراد کے بہیمانہ قتل کے بعد شہر بھر میں کرفیو لگا دیا گیا ہےمزید فسانے نہ پھوٹیں اس لیئے عزاداروں نے اپنے حلقے اپنے علاقے تک محدود کر دئیے ۔۔۔۔۔۔۔

میثم گھر لوٹ آیا ۔۔۔۔۔ عمر کے گھر والوں سمیت محلے کے کافی لوگوں کو پتا چل چکا تھا کہ عمر اسکے اصرار کی وجہ سے وہاں گیا تھا۔۔۔۔۔۔ دونوں گھرانوں کے تعلقات میں سخت دراڑ پڑ گئی تھی ۔۔۔۔۔ جو پھیلتی جا رہی تھی ۔۔۔۔۔۔۔محلے کے لڑکوں کے دو گرہوں میں سخت فساد ہوا وجہ عمر کی موت کا واقعہ ٹہرایا گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ حالات میثم کے گھر والوں کے لیئے قابل قبول نہ تھے ۔۔۔۔۔۔ اس سے پہلے کہ کوئی اُن کے بیٹے کو نقصان پہنچائے انہوں نے محلہ چھوڑ دینے کا فیصلہ کرلیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ چلتے ہوئے میثم نے سوچا ایک بار عمر کے گھر جائے اور اسکی اماں ابا سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لے مگر ہمت نہ ہوئی ۔۔۔۔۔۔ گلی میں رمل کو کھڑے دیکھا تو گویا سارے بند ٹوٹ گئے ۔۔۔۔۔ اُسکے سر پر ہاتھ رکھ کر روتا رہا ۔۔۔۔۔

رکھ کر روتا رہا ۔۔۔۔۔۔۔

 دن گزرتے گئے ۔۔۔۔۔ سال بھی گزر گیا ....وہی دن آگیا ۔۔۔۔۔ آج بھی دس محرم تھا ۔۔۔۔۔ 

شہر کے مرکز سے پھر عزاداروں کا بڑا ماتمی جلوس گزرنا تھا ۔۔۔۔۔۔۔پھر وہی  زنجیروں اور آگ کا ماتم ہونا تھا

میثم نے اپنی زنجیریں نکالیں اور صاف کرنے لگا ۔۔۔۔۔ عمر کی یاد آتے ہی اسکا سینہ دھویں سے بھر گیا ۔۔۔۔آنسو رواں ہو گئے

میثم کہاں ہے اُسے جلدی بلاو۔۔۔۔۔ باہر سے آوازیں آرہی تھیں ..

میثم! میثم ! ۔۔۔۔۔۔۔ صحن میں ماموں کی آواز گونجی

میثم شاید اپنے کمرے میں ہے۔۔۔کوئی  سیڑھیاں چڑھ رہا تھا ۔۔۔۔۔۔ 

میثم  نے تیزی سے آنکھوں سے بہتے آنسو پونچھے ...

زنجیریں اُٹھائیں اور ایک زنجیر کے سرے پر عمر کے نام کا اضافی برچھا اٹکا دیا

فرحانہ صادق 

Monday 26 August 2013

" اُف یہ انشائیہ ''

0 comments



انشائیے پر انحراف کے تخلیقی و تنقیدی پروگرام کے سلسلے میں موصول ہو نے والا محترمہ فرحانہ صادق کا انشائیہ

نوٹ: جو لوگ اس تحریر کو انشائیہ سمجھ کر پڑھیں گے وہ یقیناً اِس کو ویسا ہی پائیں گے جیسا ایک انشائیہ کو چاہتے ہیں ۔

یہ بات خدا ہی بہتر جانتا ہے کہ ادب کی اس خاص صنف انشائیہ کو شیطان سے ایسا کیا خطرہ تھا کہ اُس کے قید ہوتے ہی رحمان حفیظ صاحب نے انحراف میں اِس کے حوالے سے غلغلہ مچا دیا ۔ ابھی چوتھی سحری کا قرض بھی نہ اترا تھا کہ معراج رسول صاحب کا پیغام آ پہنچا کہ نثر نگار ہونے کا حق ادا کرو اور انشائیہ کے ایونٹ میں اپنا حصہ ڈال جاو۔ ہمیں اس کارِ خیر میں شرکت سے کوئی اعتراض تو نہ تھا پر ایک بات کا گلہ ضرور ہوا۔۔۔۔ کہ اتنے عرصے کی بات چیت کے بعد بھی وہ اس تشکیک میں مبتلا ہیں کہ آیا ہم مسمی ہیں یا مسماۃ۔ ہمیں یہ شکایت دعوت نامے پر لکھے اُن القاب کی وجہ سے ہوئی جس میں ہمیں محترمہ کے ساتھ محترم بھی پکارا گیا۔

انشائیہ کا لفظ ہمارے لیئے اتنا مانوس نہ تھا ،ہم سے اس کے تعارف کا سہرا ادریس آذاد صاحب کے سر جاتا ہے۔۔۔۔ ایک بار انہوں نے مخلصانہ مشورہ دیا کہ تم شاعری چھوڑو صرف انشائیے لکھو( ہو سکتا ہے ان کے اس خلوص کی اصل وجہِ تسمیہ ہماری وہ غزل رہی ہو جو ہم نے انہیں تصحیح کے لیئے ارسال کی ہوئی تھی اور جسکی قطعاتی بحر دیکھ کر خود انکا عروض پر سے ایمان اُٹھ رہا تھا ) ۔۔۔۔ ہم انکے مشورے پر فوراً عمل کر لیتے لیکن مجبوری یہ تھی ۔۔۔۔ کہ ہم تو انشائیے کو عطا الحق قاسمی کی کتاب " عطائیے " کی طرح ابنِ انشاء کے کسی دیوان کا عنوان ہی سمجھتے تھے ۔۔۔ ہم نے اُن سے انشائیہ کی بابت دریافت کیا تو قدرے حیران ہو کر بولے ارے وہی جو تم لکھتی ہو ۔۔۔۔
 اس بار حیران ہونے کی باری ہماری تھی ۔۔ اپنی یاداشت کو ٹٹولا کہ ہم کیا کیا لکھتے ہیں ۔ غزل ، نظم ،نثر، سلیبس پلانرغرض کہ سودے کا پرچہ اور دھوبی کا حساب سب زہن سے باری باری گزر گئے مگر ان میں سے کوئی بھی ہمیں انشائیہ نہ لگا ۔۔۔۔ ڈرتے ڈرتے پھر عرض کیا قبلہ ہم تو بہت کچھ لکھتے ہیں کچھ اور مزید تعریف بتادیں کہنے لگے ۔۔۔ وہی جو تم سب سے زیادہ لکھتی ہو اور میں اسے ضرور پڑھتا ہوں ۔۔۔۔ہم نے جواب دیا سب سے زیادہ تو ہم ایس ایم ایس لکھتے ہیں جو آپ کبھی پڑھتے ہی نہیں اور نہ کبھی اُسکا ریپلائی کرتے ہیں ۔۔۔۔۔ مگر یہ بات ہم نے دل میں ہی کہی کیوں کہ وہ ہمارے استاد ہیں اور شاگرد کی طرف سے ایسا جواب آنے کی صورت میں استاد ناراض ہو جاتے ہیں اور کافی دیر تک ناراض رہتے ہیں ( یہ ہمارا ذاتی تجربہ بھی ہے ) ۔۔۔۔

 اس سوال کا جواب معلوم کر نے کے لیئےکہ آیا انشائیہ ہوتا کیا ہے سب سے پہلے ہم نے لغت کو کھنگالا مگر اس میں سوائے اس لفظ کے معنیٰ " کوئی بات بیان کرنا " کے کچھ نہ ملا ۔۔۔ پھر اِس کے حوالے سے جتنی کتابیں نیٹ پر دستیاب تھیں سب کا جائزہ لیا مگر اسمیں موجود تحریر کی ثقالت اور جناتی طرزِ بیان کے باعث کوئی بھی مضمون دو سطر سے زیادہ ہضم نہ کر پائے ۔۔۔۔۔۔ اس ناکامی کے بعد سوچا کسی ادبی شخص سے ہی پوچھا جائے سو اپنے ایک قریبی دوست ( جنکا نام ظاہرنہ کرنا ہماری مجبوری ہے بس آپ پہچان کے لیئے اتنا جان لیجیئےکہ قریبی دوست ہونے کے باوجود وہ ہماری فرینڈ لسٹ میں نہیں ) سے انشائیہ کے متعلق رائے مانگی انہوں نے اسکا تسلی بخش جواب دینے کے لیئے مہلت توتھوڑی دیر کی مانگی مگر مشرقی روایات کو پوری طرح نبھاتے ہوئے دو دن بعد اسکا کچھ یوں جواب دیا ۔۔ "وہ تحریرجسے لوگ انشائیہ سمجھتے ہیں وہ انشائیہ نہیں ہوتی ، اور وہ تحریر جو بظاہر انشائیہ نہ لگے وہی اصل میں انشائیہ ہے" ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نہ جانے کیوں انکا یہ جواب پڑھ کر ہمارے دل میں ایک شک دوڑ گیا کہ یہ کہیں سدرہ کی فیک آئی ڈی تو نہیں کیونکہ یہ دلیل اسی کے انشائیہ کے حق میں جارہی تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا سوچا کیوں نہ پہلے انشائیہ لکھ لیا جائے بعد میں دیکھیں گے یہ ہوتی کیا بلا ہے ۔۔۔۔۔۔ خوب دل لگا کر ایک مضمون تیار کیا اب کسی کو دیکھانے کا مسئلہ تھا ۔۔۔ دوستوں کی فہرست میں ڈاکٹر ناہید ہی سب سے زیادہ بے ضرر لگتی ہیں سو انہی کو بھیج دیا ۔۔۔۔ انہوں نے رائے دی کہ فری انشائیے میں کوئی مقصد نہیں ہوتا سو ہم نے اپنے مضمون سے مقصدیت کو نکال پھینکا پھر کہا کوئی خاص ترتیب بھی نہ ہو ۔۔۔ ہم نے جملوں اور پیراگراف کوگڈ مُڈ کردیا انہیں پھربھی چین نہ آیا لکھ بھیجا کہ انشائیہ کی اصل خوبصورتی تو اسکا احساس ِعدم ِتشکیل ہے سو اسکا اختتام نکال دوپھر یہ انشائیہ ہو جائے گا انکی یہ فرمائش پوری کرنے کے بعد جب ہم نے اپنے مضمون پر نظر ڈالی تو اسکا حدود ِ اربعہ ایسے رہ گیا تھا جیسے مہینے کے تیسرے ہفتے میں ہماری تنخواہ کٹی پھٹی رہ جاتی ہے ۔۔۔۔

 انشائیہ کے حوالے سے تشنگی ابھی بھی ختم نہ ہوئی تھی ہم ادھر اُدھر نظرمار ہی رہے تھے کہ انحراف میں معراج رسول صاحب کا انشائیہ کے تعارف پر ترتیب دیا گیا مضمون شائع ہوا۔۔۔۔۔۔ جی خوش ہو گیا کہ اب تو ہم یہ جان لینے میں کامیاب ہو ہی جائیں گے کہ انشائیہ ہے کس چڑیا کا نام ۔۔۔۔ مشکل الفاظ اور مبہم اصطلاحات سے پھر پور مضمون پڑھا اور دل ہی دل میں مصنف کو خوب شاباشی دی کہ وہ اپنی اس کوشش میں پوری طرح کامیاب رہے ہیں کہ کسی کو بھی آسانی سے سمجھ نہ آسکے کہ انشائیہ ہوتا کیا ہے ۔۔۔۔

۔بحرحال اتنی چھان بین اور تگ و دو کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ " انشائیہ دراصل وہ تحریر ہے جو ایک قاری اس امید پر پوری پڑھتا ہے کہ شاید اس میں سے کوئی کام کی بات نکل آئے مگر مایوس رہتا ہے "اب تک کے لکھے گئے انشائیوں میں سے دس فیصد کے کچھ مصرف بھی نکالے جا چکے ہیں ۔۔۔۔۔ مگر نوے فیصد انشائیے وہ ہیں جن میں قاری ناکام رہے اور مصنف کامیاب ۔۔۔۔۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا انشائیہ بھی انہی نوے فیصد میں شامل ہے ۔۔۔۔۔۔۔

(وہ تمام احباب جنکے حوالے سے اس تحریر میں بات کی گئی ہے اگر انہیں کچھ گراں گزرا تو پیشگی معزرت سوائے سدرہ کے )
 :)))))))))))))))))))))))))))))

فرحانہ صادق

Friday 2 August 2013

ڈارون اور ہم

4 comments


مجھے لگتا ہے ڈارون کے اس نطریہ سے کہ ہم سب بندر کی اولاد ہیں ۔۔۔ بندر بھی بہت ناراض ہوئے ہوں گے اور آج تک ناراض ہیں تبھی تو کبھی کپڑے لے کر بھاگ جاتے ہیں تو کبھی جوتے لے کر ۔ ۔۔ویسے کچھ لوگوں کو دیکھ کر تو قائل ہونا پڑتا ہے ڈارون بے چارہ ٹھیک ہی کہتا تھا مگر اس بات کا اصرار ضرور ہے کہ سبھی کے آباء و اجداد بندر نہ ہوں گے کچھ کے گدھے ، کتے ، اور گدھ بھی رہے ہوں گے اور تو اور کچھ خواتین کو دیکھ کر بے اختیار انکا شجرہ شیرنیوں سے ملانے کو چاہتا ہے۔ ۔ ۔ ۔
ڈارون کی تھیوری کا ایک فائدہ تو ہے ۔ ۔ ۔ مسجد سے جوتیاں چرانے کا الزام بآسانی بزرگوں کی طرف سے وراثت میں ملنے والی خصلت پر ڈالا جا سکتا ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اگر کبھی بندروں کو غور سے دیکھو تو صاف پتا چلتا ہے کہ آباءاجداد کے حوالے سے جو شکوک انسان کو بندروں پر تھے وہی بندروں کو بھی انسانوں پر ہیں۔ ۔ ۔ ۔
دُم جیسی قیمتی اور فائدہ مند چیز سے محرومی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ڈارونی نظریہ کا دُکھ فی زمانہ محسوس کیا جاسکتا ہے مگر کچھ سوالات ہیں جن کے جوابات اب بھی باقی ہیں
جیسے کہ
۔
آخر یہ ارتقاء محدود پیمانے اور محدود مدت کے لیئے ہی کیوں ہوا۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ جو باقی بچنے والے بندر ہیں وہ ابھی تک کس جرم میں بندرہیں ؟؟؟؟؟
یہ ارتقائی عمل رُک کیوں گیا ہے ہم صدیوں سے انسان ہیں ، انسان ہی کیوں ہیں حالانکہ ہم میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہیں اپنی پہچان کے لیئے دُم اور سینگوں کی اشد ضرورت ہے ؟؟؟؟
حیوانی ارتقاء کی ایک منزل انسان ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ انسانی ارتقاء کا اگلا پڑاو کس شکل میں ہے ؟؟؟؟؟؟؟

فرحانہ صادق بقلم خود :))))))))))))))))))))))))))

Thursday 25 July 2013

آداب عرض ہے !

1 comments
۔
روزہ منہ کو لگا ہوا ہے ، بجلی غائب ہوئے چار گھنٹے بیت گئے ہیں ، گرمی سے بُرا 
حال ہے ، موبائیل بار بار لَو بیٹری کا سگنل دے رہا ہے ، لیپ ٹاپ کی چارجنگ ختم ہو چکی ہے ، گھر میں ہر کوئی ایک دوسرے کو کاٹ کھانے دوڑ رہا ہے کیا کیا جائے ۔۔۔۔۔ گھبرائیے نہیں کسی بچے کو پڑوسی کے گھر بھگوائیے اور آج کا تازہ اخبار منگوا لیجئے ، جاتے ہوئے بچے کو ہدایت کر دیجئے گا کہ اگر تازہ نہ ملے تو کل پرسوں کا پرانا اخبار ہی لیتے آنا ۔۔۔۔ بازار کا مشورہ اس لیئے نہیں دیا کیونکہ جب ایک چیز پر آپ کے پڑوسی خرچہ کر ہی چکے ہیں تو آپ کے دوبارہ خرچ کرنا اصراف کے ضمرے میں آئے گا ۔۔۔۔۔ اسی بچنے والے دس روپے سے آپ افطاری کے بعد دو سگریٹ پی سکتے ہیں ( یہ مشورہ خواتین کے لیئے نہیں ہے وہ ان پیسوں کے ذریعے ناز پان مصالحہ اور شاہی سپاری وغیرہ وغیرہ سے مستفید ہو سکتی ہیں ) ۔۔۔ اخبار آجائے تو اطمنان سے گیلری یا چھت کے کسی کونے میں دبک جائیے اور اسکی ورق گردانی شروع کر دیجئے
یاد رہے ہم نے ورق گردانی کا مشورہ دیا ہے مطالعہ کا نہیں۔۔۔ مطالعہ ایک وقت طلب کام ہے اور آپ کو ایس ایم ایس پیکجز سے فرصت کہاں۔۔۔۔۔ اور ویسے بھی اللہ کا شکر ہے اخبار بینی جیسی بری لت کا شکار انگریز زیادہ ہیں ہم نہیں ۔۔۔۔ صفحہ اول کو اتنی اہمیت مت دیجئے اس پر جھوٹے سچے سرکاری بیانوں کی کئی چھوٹی بڑی ، سر خیاں ہوں گی اور چند تصاویر ۔۔۔۔۔۔ یہ تصاویر یا تو میچ ہارے ہوئے روتے بسورتے کھلاڑیوں کی ہوں گی یا عوام کو الو بنا کر ہنستے مسکراتے بدصورت سیاستدانوں کی ۔۔۔۔۔ جنہیں دیکھ کر وہ خود ہی خوش ہو سکتے ہیں ۔۔۔۔ اندرونی صفحات پر آجائیے یہاں آپ کی دلچسپی کا سامان ہے ۔۔۔۔۔۔۔ ان میں کہیں نہ کہیں آپ کو کسی اداکار یا اداکارہ کی چوتھی طلاق اور چھٹے سکینڈل کی تفصیل مل جائے گی۔۔۔۔ اگر اداکارہ یا اداکار آپ کی پسند کا ہے تو دو بار ورنی ایک بار ساری خبر پڑھ لیجئے ۔۔۔۔اِ س سے فارغ ہو جائیں تو دیکھئے گاوہیں کہیں موسم، قدرتی آفات، دہشت گردی و حادثات، ملکی بجٹ ، ڈرون ، وغیرہ وغیرہ کی خبریں بھی مل جائیں گی ۔۔۔۔ ان خبروں پربھی ارتکاز ضروری نہیں ورنہ طبیعت میں فکر مندی پیدا ہونے کا خطرہ ہے ۔۔۔۔۔ اب وہ صفحہ کھولیئے جسمیں اداریہ ہوتا ہے ہلکی سی نظر اس پر دوڑائیے کوئی کام کی بات تو نہیں ۔۔۔۔ اداریہ مت پڑھنے بیٹھ جائیے یہ بھی بھلا کوئی پڑھنے کی چیز ہے ۔۔۔۔۔۔ اسے اخبار کا کوئی قاری نہیں پڑھتا یہاں تک کہ پروف ریڈر بھی اسے بنا پڑھے پروف کر دیتا ہے ۔۔۔۔۔ آپ خواتین کا صفحہ کھول لیجئے ۔۔۔۔ کم کپڑوں اور زیادہ میک اَپ میں لتھڑی ایک مشہور ماڈل کی تصویر آپ کے سامنے ہے آپ بس تصویریں دیکھ لیں کیوں کہ ان کے متعلق باتیں تو وہی لکھی ہیں جو آپ پہلے بھی کئی بار انہی جیسی ماڈلز کے بارے پڑھی ہیں مثلاً سادہ طبیعت ہوں ، بہت گھریلو ہوں یہاں تک کہ گھر کا جھاڑو پوچا خود ہی کر لیتی ہوں ، بچپن سے ہی اپنے وطن سے محبت ہے ، غریبوں کی خدمت کا شوق ہے وغیرہ ۔۔۔۔۔
آخری صفحہ پر آجائے ۔۔۔ بھلے آپ شادی شدہ بھی ہوں ضرورتِ رشتہ کے اشتہاروں پر ضرور نظر ڈالیئے کیا پتا مستقبل میں دوسری شادی کا کوئی سنہرا موقعہ میسر آجائے۔۔۔۔۔ آج کا دن کیسا گزرے گا ۔۔ یہ پڑھنا مت بھولیئے گا کہیں ایسا نہ ہو آپ جس سمت اپنی زندگی کی گاڑی لے جارہے ہیں ستارے آپ کی بے خبری کے باعث اسی کے مخالف سمت اپنا سفر شروع کر دیں۔۔۔۔
لیجیئے جناب چھ گھنٹے کی "مناسب" لوڈ شیڈنگ کے بعد آپ کی لائٹ واپس آگئی ہے۔۔۔۔۔ جلدی سے اخبار لپیٹیے، موبائل چارجنگ پر لگا کر یا تو ایس ایم ایس شروع کر دیجئے یا کمپیوٹر آن کر کے فیس یا ٹیوٹر پر لاگ آن ہو جائیے۔۔۔۔۔ ہاں مگر ایک بات کا خیال رہے ۔۔۔ ان سارے کاموں سے پہلے پڑوسیوں کا اخبار واپس بھجوانا نہ بھولیئے گا ۔۔۔۔ کیوں کہ انہوں نے شام کو اسی پر افطاری کے پکوڑوں کا تیل نتھارنا ہے ۔
فرحانہ صادق

ادریس آزاد صاحب کی کہانی " عشق کا ادھورا افسانہ " سے متاثر ہو کر لکھا گیا اقتباس

0 comments


                                                                                   (کتاب: عورت ابلیس اور خدا )


"عشق کا ادھورا افسانہ "

.

.







فریادی کے وکیل- صفائی کا بیان....



" استغاثہ کی ہر بات تسلیم مگر کہانی  کچھ یوں ہوئی کہ.......  محبوب اب خود سراپا عشق تھا ....فریادی سے محبت کا یہ عالم ہوا کہ اسکی دلجوئی کے لئے اسکی جوڑی دار اس ہی کی پسلی سے تخلیق کردی گئی..... ناز - محبت میں محبوب کا امتحان لیا گیا....لغزش مقصود تھی اسی لئے قوت - لغزش عطا  کی گئی تھی.......سو گناہ ہوا ......کوئی نہیں جانتا محبوب اور اسکی جوڑی دار میں جدائی کی سزا بوجہ حسد (شرک..... خدا کے ساتھ اپنی محبت میں کسی کو شریک کرنا ) دی گئی یا براے اصلاح .......

اب فریادی صرف ایک تخلیق اور محبوب خالق تھا..... وقت گزرتا رہا اشک - ندامت پرندوں  کو سراب کرتے رہے.....رحمت - خداوندی جوش میں آئ....سزا تمام ہوئی ....معافی نامہ  کے ساتھ کائنات کے سر بستہ رازوں کو کھوجنے کا حکم جاری ہوا.....پھر یوں ہوا کہ فریادی کو رنگینی کائنات میں مبتلا  دیکھ کر محبوب کا جذبہ خداوندی پائمال ہونے لگا....عاشق کی توجہ کے لئے جنت کا لالچ اور دوزخ کا ڈراوا دیا گیا.......مگر



اس بار تو عاشق کے سامنے لا متناہی خوش رنگ نظارے تھے ....اور ہر نظارے میں اسکا محبوب ہی چھپا تھا.....سو وہ یہ کہتا ہوا چل دیا...



         باغ بہشت سے مجھے ازن - سفر دیا تھا کیوں

 کار - جہاں دراز ہے اب میرا انتظار کر

                

(افسانہ بہرحال اب بھی ادھورا ہی ہے )

                                           فرحانہ صادق

Wednesday 24 July 2013

""" مجبوری """

0 comments
                                 
میں نے کہہ دیا اپیا ! میں کل سے کالج نہیں جاوں گی ۔ ۔ ۔  سنبل کراہی۔ 
کیوں ! اب کیا ہوا ؟۔ ۔ ۔ ۔ استری کرتے کرتے میرے ہاتھ رک گئے
آپ جانتی ہیں ۔ ۔ ۔  اُس نے دھیرے سے سر جھکا کر کہا 
کیا کچھ کہا ہے اُس نے ؟ ۔ ۔ ۔ میں نے اسکے کندھے پر ہاتھ رکھ کر پوچھا
کہنا کیا ہے پہلے تو صرف گھور گھور کر سیٹیاں بجاتا اور گانے گاتا تھا آج تو راستے کے درمیان آکر کھڑا ہو گیا اور میرا ہاتھ پکڑ لیا اور  ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سنبل کی آواز بھرا گئی اس سے جملہ مکمل نہ ہوسکا ۔۔۔
۔ تم پریشان مت ہو ایک دو دن گھر میں رہ کر ہی پڑھائی کر لو میں دیکھتی ہوں اسکا کیا کرنا ہے۔ ۔ ۔ میں نے اسے پیار کرتے ہوئے کہا ۔ ۔ 
امی بابا کی بے وقت حادثاتی موت نے  ہم تینوں بہنوں کو اکیلا اور غیر محفوظ کردیا تھا۔ صرف چار ماہ کے قلیل عرصے میں ہم نے چالیس سال کے تجربے حاصل کر لیئے تھے ۔ رشتے داروں کے سرد اور خودغرضانہ رویوں سے لے کر اخراجات کے عفریت تک ۔ ۔زندگی جیسے ریشمی ڈور سی الجھ گئی  مگر اب ہم نے اسے خود سلجھانا شروع کردیا تھا ۔۔۔  سب ہی نے اپنے اپنے حصے کے کام بانٹ لئیے ۔ ۔ بابا کے پرویڈنٹ فنڈ کی رقم کی سیونگ سے جو رقم ہر ماہ بینک سے آتی وہ ماہانہ اخراجات کے لئے ناکافی تھی سو صفیہ باجی نے ایک پرائیوٹ کمپنی میں جاب کرلی ۔ ۔ میرا گریجویشن  ابھی مکمل ہوا تھا ، یونیورسٹی کے داخلوں میں دیر تھی اس لیئے گھر سنبھالنے کی ذمہ داری میں نے ۔ ۔ اور ہم دونوں کو اپنی اپنی حرکتوں اور باتوں سے خوشی دینے کی ذمہ داری سنبل نے اٹھا لی ۔ ۔ ۔ ۔۔ 
سنبل اتنی چھوٹی بھی نہ تھی اسی سال اُس نے میٹرک کر کے فرسٹ ایئر میں داخلہ لیا تھا ۔ ۔ مگر ہمارے لئیے وہ بچہ ہی تھی اُس میں ہماری جان تھی ۔
۔سب 
دبیر کا خاندان ایک ماہ پہلے  ہماری گلی کے آخری مکان میں شفٹ ہوا تھا ۔ ۔ صرف ایک ہفتے بعد ہی دبیر کی بدمعاشی اور اوباش حرکتوں نے محلے کے لوگوں کی نیندیں حرام کر دیں ۔ ۔ چونکہ وہ ایک سیاسی پارٹی کا "فعال" کارکن  تھا اس لئیے محلے کے "شریف مردوں" نے اس سے الجھکر کہیں اسکی شکایت کرنے کے بجائے خود انحصاری کی بنیاد پر اپنی اپنی عورتوں کی حفاظت شروع کردی تھی۔ ۔ ۔ ۔ 
مگر ہم ! ! ! ! ۔ ۔ ۔ ۔ ہم کیا کرتے ۔ ۔  ہمارے پاس تو کوئی مرد ہی نہ تھا 
صفیہ آپی کو آفس کی طرف سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت تھی مگر سنبل کو کالج کے لئے سٹاپ تک جانا پڑتا ۔ ۔ ۔ مجھے بھی جب کبھی گھر کے سودے سلف کے لئیے باہر نکلنا پڑتا تو ایسا ہی تلخ تجربہ ہوتا ۔ ۔
آج سنبل کی حالت نے میرے اندر غصہ بھر دیا تھا
۔ ۔ ۔  دل میں دبیر سے نمٹنے کا ارادہ لے کرمیں نے اپنے کپڑے جھاڑے ، بال درست کئے اور چادر سر پرلے کر گھر سے نکل آئی
گلی کے کنارے کھڑے دبیر کے فحش گانے کی آوازہمارے گھر کے دروازے سے ہی آنا شروع ہوگئی ۔ ۔ میں نے دھیرے دھیرے اُسکی سَمت قدم بڑھانا شروع کر دئے۔ ۔ ۔ مجھے اپنی طرف آتا دیکھ کر اُس نے گانا بند کردیا اور ایک عامیانہ حرکت کرتے ہوئے اپنے دوست کی طرف قدرے جھک کر بلند آواز میں بولا۔ ۔ 
چھوٹی تو چھوٹی بڑی بھی قیامت ہے ۔ ۔ 
میں نے دل ہی دل میں اللہ اور امی بابا سے معافی مانگی ، سر سے چادر ڈھلکائی اور اُسکے قریب آکر مسکرا دی ۔ ۔ ۔
میں مرد تو تھی نہیں ۔ ۔ ۔  لہٰذا میں نے اپنی بہن کو عورت کی طرح بچانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔۔

 تحریر : فرحانہ صادق 

" تخلیق "

3 comments
۔
تکلیف کی تیز لہر دوڑی
یا اللہ میری مدد فرما!!
ذکیہ کا بس نہیں چل رہا تھا کہ وہ ایسا کیا کرے
کہ جو کچھ اسکے اندر مچل رہا ہے یکدم ہی باہر نکل جائے
درد کی شدت سے ذہن پھٹنے لگا
اس کی شکوہ بار نگاہیں بار بار آسمان کو اٹھ رہی تھیں 
 تو نے تخلیق کو اتنا مشکل کیوں بنا دیا ! !
وہ دھیان بٹانے کی کوشش کرتی رہی 
اس بار مہینے کا سودا جلد ہی ختم ہو گیا ہے  
بڑی خالہ نے کافی دنوں سے چکر نہیں لگایا
اجمل سے پوچھوں گی کل امی کے ہاں لے جائیں گے
صبا اور زین کے یونیفارم چھوٹے ہو رہے ہیں
اُف ! ! ! ! 
کوئی ایک بات بھی تو اسکے کرب کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہی تھی
چلو چائے پی لیتی ہوں
اچھا لاو یہ برتن ہی دھو لوں
وہ جھنجھلا رہی تھی
کیا کروں ! ! 
کیسے اپنی مشکل آسان کروں ! ! 
ایک اور شدید لہر
 کُلبلا کر سوچا
اب وقت آگیا ہے
ہاں ہاں اب وقت آگیا ہے
  اس نےادَھ دھلی پتیلی واپس سنک میں پٹخی اور تیزی سے کمرے میں داخل ہو گئی
مشکل آسان ہوا ہی چاہتی تھی
تخلیق کا عمل شروع ہوچکا تھا
دھیرے دھیرے
ڈائری کُھلی
قلم اُٹھا
اور
 اورلفظ موتیوں کی لڑیاں بنتے چلے گئے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
فرحانہ صادق

  

النکاح مِن سنتی ۔ ۔ ۔

8 comments
صبا رو رو کر ہلکان ہوچکی تھی
بھوک ہڑتال،
لمبے لمبے سجدے، 
 ماں کی منت سماجت،
کچھ بھی تو کام نہ آیا
پیر کو کلثوم بیگم  نے  اسے نکڑ کی دکان والے سلیم کے ساتھ کالج سے واپس آتے دیکھا
اور منگل سے اس کے لیئے رشتے دیکھنے شروع کر دیئے
 سمجھدار عورت تھیں 
جان گئیں  کہ دیر کی تو پانی سر سے گزر جائے گا
گھر گھر پھرنے والی جمیلہ آپا کو دس ہزار اور جوڑے کا لالچ دیا 
 ہفتہ بھی نہ گزرا ،
 جمیلہ آپا اپنی ہی کسی دور کی  نند کے بیٹے کا  رشتہ لے کر آپہنچیں
 دو دن رسمی چھان بین ہوئی
ایک آدھ سے مشورہ کیا گیا
تیسرے دن کی صبح  کلثوم بیگم نے اعلان کر دیا مجھے استخارہ میں بشارت نظر آئی ہے
گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
صبا اب چُپ تھی
لڑکے والوں کو ہاں کہلوا دی گئی
ساس نندیں آئیں اور منگنی کی رسم پوری کی گئی
چھوٹی نند بڑے فخر سے سب کو بتا رہی تھی
بھابھی  بڑی خوش نصیب ہیں
بھائی جان تو راضی ہی نہ تھے
انہیں تو باہر پڑھنے جانے اور کمانے کا شوق تھا
وہ تو امی اور ہم نے ضد کی کہ جب تک شادی نہ کریں گے باہر نہیں جا ئیں گےتو مان گئے
مٹھائی بٹی تو  ہر طرف سے مبارکباد کے پیغام آنے لگے
صبا چُپ تھی
چھوٹی بہنوں کی چھیڑ چھاڑ بھی اس کے چہرے پر مسکراہٹ نہ لاسکی
کلثوم بیگم کے دل میں ہول اٹھتے جنہیں وہ شدت سے دبا دیتیں
جانے کس بات کا ڈر تھا جوانہوں نے صبا پرکڑی نگاہ رکھنی شروع کر دی تھی
لڑکے والوں نے جلد ہی شادی کا عندیہ بھی بھیج دیا
شاید ماں بہنوں کو اپنے ارمان پورے کرنے کی جلدی تھی 
یا شاید لڑکے کو اپنا شوق
کلثوم بیگم کی توفکر سے نیندیں ہی اُڑ گئیں تھیں 
 ایک طرف شادی کی تیاری
تو دوسری طرف صبا کا سکوت
جھٹ منگنی اور پٹ بیاہ والا معاملہ ہو رہا تھا
گھر کی پہلی خوشی تھی سبھی نہال تھے
 مگرصبا  چُپ تھی
کلثوم بیگم کے خدشات آسمان کو چھو رہے تھے
ابٹن ہلدی تیل مہندی خوشبو
 کچھ بھی تو اُس پر اثر نہ کر رہا تھا
شادی کے دن سجی سنوری صبا کو دیکھ کر کلثوم بیگم کا دل بھر آیا
اسے گلے لگایا
ماتھے پہ پیار کیا
اور سرگوشی میں مجھے معاف کردے بیٹی کہتے ہوئے رو پڑیں
ماں کو روتا دیکھ کر چھوٹی بہنیں بھی رونے لگیں
اک اک کر کے سبھی عورتوں کی آنکھیں گیلی ہو گئیں
صبا نے سر جھکا لیا
وہ نہیں روئی ۔۔۔ وہ اب بھی چُپ تھی
جگہ دو جگہ دو! ! ! !  نکاح کا وقت ہو گیا مرد اندر آرہے ہیں
بڑے ماموں نے ہدایت کی کہ اونچی آواز میں ہاں کہنا تاکہ سب سُن لیں
صبا احمد ولد سعید احمد ! !  تمہیں بعوض شرعی حق مہردانیال قیوم ولد عبدلقیوم اپنے نکاح میں قبول ہے
نہیں ! ! ! ! ! !  ایک زور دار آواز گونجی
مگر اس آواز کی گونج فقط صبا کے دل تک تھی
صبا احمد ولد سعید احمد ! !  تمہیں بعوض شرعی حق مہردانیال قیوم ولد عبدلقیوم اپنے نکاح میں قبول ہے
 صبا چُپ تھی
کمرے میں بے چینی پھیل گئی
کلثوم بیگم بڑی مشکل سے خود کو سنبھالے دل ہی دل میں خدا سے ساز باز میں مصروف تھیں
بات چالیس نوافل سے سو نوافل 
تین روزے 
اور  ہزار روپےکی نیازتک پہنچ چکی تھی
صبا احمد ولد سعید احمد ! !  تمہیں بعوض شرعی حق مہردانیال قیوم ولد عبدلقیوم اپنے نکاح میں قبول ہے
ہاں بولو یہ کہتے بڑی خالہ نے کمر میں زور سے ٹہوکا مارا 
سکوت ٹوٹا اورہلکی آواز آئی ۔۔۔۔۔ جی
مبارک ہو مبارک ہو۔۔۔۔ شور ہی شور
کلثوم بیگم کا بس نہیں چل رہا تھا سب کو ایک طرف کر کے یہیں  سجدہ شکر بجا لائیں
کھانا چنا گیا رسمیں ہوئیں اور رخصتی ہوگئی
صبا چُپ چاپ سسرال پہنچی اور حجلہ ء عروسی میں جا بیٹھی
بقیہ رسمیں پوری کی گئیں 
شرارتی فقرے کسے گئے
دولھا مسکرا رہا تھا 
مگرسر جھکائے  صبا کے چہرے پرخوشی کا ایک شائبہ نہ تھا
 بڑی بہن نے سب کوڈانٹ کر کمرے سے نکال دیا
اب وہاں صرف دو لوگ رہ گئے تھے
دروازہ بند ہوا
تھوڑی دیر بعد بتی بھی بند ہو گئی
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 
رات کا آخری پہر تھا
دونوں گھروں میں خاموشی تھی
سب ہی تھک کر سو چکے تھے
مگر کلثوم بیگم مصلیٰ بچھائےشکرانے کے  نوافل ادا  کر رہی تھیں
اور اُدھر
ایک خوابیدہ مہکتے کمرے میں
 زنا کا عمل جاری تھا
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
فرحانہ صادق